بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے تین آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک، 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر تین کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی نقل و حرکت روکنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ضلع نوشکی میں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے جاری کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح ضلع خضدار میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ’فتنہ الہند‘ سے تھا، جسے بیان میں بھارت کا حمایت یافتہ گروہ قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔