بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کے دوران عمران خان کو مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ بھی پیش کریں گے۔

پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے کی واپسی کے لیے سماعت، لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جسٹس عابد عزیز لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر سمیت پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کے دوران عمران خان کو مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ بھی پیش کریں گے۔

محسن نقوی کا بڑا دعویٰ، صرف سیاست نہیں پورا نظام ری سیٹ ہونے جا رہا ہے، طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں صرف سیاست ہی نہیں بلکہ پورا نظام ری سیٹ ہونے جا رہا ہے اور اس کے لیے عوام کو زیادہ طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کرپشن ہو رہی ہے اور سی ڈی اے میں بھی بے تحاشا کرپشن موجود ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چند روز قبل بھی لاہور میں کھلی کچہری لگائی تھی، جہاں پانچ سے چھ لڑکیوں نے شکایت کی کہ اگر انہیں ریلیف نہ ملا تو وہ خودکشی کرنے پر مجبور ہوجائیں گی۔ ان بچیوں کو بلیک میل کرنے والے تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ آج ایک ایسے گینگ کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے تقریباً پانچ ہزار پاکستانیوں کو بین الاقوامی اداروں کے جعلی امتحانی سرٹیفکیٹس فراہم کیے۔ اگر اس گینگ کو بروقت کنٹرول نہ کیا جاتا تو بڑا نقصان ہوسکتا تھا۔ لاہور میں پورنوگرافی کے کاروبار میں ملوث 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے وزیراعظم سے ملاقات ہوگی، ہماری کارکردگی پر بہت زیادہ دباؤ ہے تاہم پورا نظام درست ہونے والا ہے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف کو عدالت کے ذریعے انصاف ملے گا۔ ہر سیاسی جماعت کو دوسری جماعت سے اختلاف رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔ ہم سب جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام سپریم ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مختلف سروے سامنے آرہے ہیں کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں تو صوبے بننے چاہئیں۔ پیپلز پارٹی کی اپنی مرضی ہے، وہ عوام کی رائے لے سکتی ہے، اگر کسی کے پاس اس سے بہتر راستہ ہے تو وہ اختیار کرلے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ صرف مولانا فضل الرحمٰن کو نوٹس جاری نہیں کیا گیا بلکہ مجموعی طور پر چھ ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری ایک دوسرے کے قریب ہیں۔

بیرسٹر گوہر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر زین قریشی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

عادل بازئی جیل سے رہا ہوکر کوئٹہ پہنچ گئے

ادھر رکن قومی اسمبلی عادل بازئی جیل سے رہائی کے بعد کوئٹہ پہنچ گئے۔

اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات، سیاسی اور آئینی معاملات زیر بحث آنے کی اطلاعات

دوسری جانب فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال اور فیصلے کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ملاقات میں قانونی معاملات کے علاوہ عمران خان کی صحت، مزاج، بشریٰ بی بی، علاج و معالجے، خیبرپختونخوا میں ممکنہ ایمرجنسی، وزیراعلیٰ کے مستقبل، 28ویں آئینی ترمیم اور آئندہ سیاسی حکمت عملی سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔

ذرائع سے منسوب اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں تحریک انصاف کے لیے سامنے آنے والے ممکنہ آپشنز بھی زیر غور آئے اور اب معاملات براہ راست عمران خان کے سامنے رکھے جا رہے ہیں۔

تاہم اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے شرکاء، زیر بحث امور اور مبینہ فیصلوں کی آزادانہ تصدیق سامنے آنے والی معلومات سے نہیں ہوتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں