خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 74 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک، بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے اور خوارج کے نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کے لیے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 74 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں میر علی اور اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کیں۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ضلع میر علی میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 خوارج ہلاک کیے گئے جبکہ ضلع اورکزئی میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس میں مقامی طور پر تیار کردہ دھماکا خیز مواد اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی شامل ہیں۔ برآمد شدہ مواد دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ان علاقوں میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز 3 نومبر سے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جامع انٹیلی جنس بیسڈ ایریا کلیئرنس آپریشن کر رہی ہیں۔
ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور مختلف جھڑپوں کے بعد بھارتی سرپرستی یافتہ 31 خوارج ہلاک کردیے گئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ترجمان کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک انسداد دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔