غذر میں مسافر وین دریا میں جاگری، 11 افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ، امدادی کارروائیاں جاری
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں یاسین مورکہ کے مقام پر مسافر وین دریا میں گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہُنڈُور جانے والی ہائی ایس مسافر وین یاسین مورکہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی اور بے قابو ہوکر دریا میں جاگری۔ حادثے کے وقت گاڑی میں مجموعی طور پر 15 افراد سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، جس کے دوران اب تک 9 افراد کی لاشیں دریا سے نکالی جاچکی ہیں، جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثے میں مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔

**یاسین میں مسافر گاڑی کے المناک حادثے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا اظہارِ افسوس، زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت**
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے یاسین میں مسافر گاڑی کے المناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور زخمیوں کی طبی نگہداشت اور علاج معالجے کی خود نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ امجد حسین نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔