استنبول: پاکستانی اور ترک پرچم اٹھائے شخص کا پل پر جذباتی احتجاج، پولیس نے بحفاظت نیچے اتار لیا
ترکیہ کے شہر استنبول میں 13 نومبر کو ایک 30 سالہ شخص نے آبنائے باسفورس پر واقع 15 جولائی شہداء پل پر اپنی گاڑی روک کر اسرائیلی پرچم پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔ اس دوران اس کے ہاتھ میں ترکیہ اور پاکستان کے قومی پرچم بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ ترک پولیس نے موقع پر پہنچ کر شخص سے مذاکرات کیے اور صبر و تحمل سے اسے قائل کیا، جس کے بعد اس نے اسرائیلی پرچم چھوڑ دیا اور بحفاظت نیچے اتر آیا۔
اس موقع پر ایک پولیس اہلکار نے جذباتی کیفیت میں شخص کو گلے بھی لگایا۔ رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص ماضی میں نفسیاتی مسائل اور خودکشی کی دو کوششوں کی تاریخ رکھتا ہے، جبکہ اس کے والد کی وفات اور طبی مسائل سے متعلق ایک تحریر بھی سامنے آئی۔
واقعے کے بعد گاڑی ہٹائے جانے پر پل پر ٹریفک بحال کردی گئی۔ ترک پولیس کے تحمل اور انسانی ہمدردی کے مظاہرے نے واقعے کو ایک مختلف اور جذباتی رخ دے دیا۔