پیمرا کا سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ناخوشگوار واقعات کی براہِ راست کوریج سے گریز کرنے کا حکم

پیمرا کا سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ناخوشگوار واقعات کی براہِ راست کوریج سے گریز کرنے کا حکم

دھماکوں، فائرنگ اور دہشت گرد حملوں کی لائیو کوریج پر پابندی کی ہدایت برقرار، صرف متعلقہ اداروں سے تصدیق شدہ معلومات نشر کرنے کی تاکید

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھماکوں، فائرنگ، دہشت گرد حملوں اور دیگر ناخوشگوار واقعات کی براہِ راست کوریج، دوبارہ نشریات اور فوری نشریات سے گریز کریں۔ پیمرا نے اس حوالے سے 20 فروری 2023 کے پابندی کے حکم نامے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے 13 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے میں نیوز، کرنٹ افیئرز اور علاقائی زبانوں کے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے لائسنس ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے متعلق صرف وہی معلومات نشر کی جائیں جن کی متعلقہ محکمے یا قانون نافذ کرنے والے ادارے تصدیق کر چکے ہوں۔

مراسلے کے مطابق تمام چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشریات میں تاخیر کے نظام (ٹائم ڈیلے میکانزم) کو مؤثر انداز میں استعمال کریں اور پیمرا قوانین کے مطابق آزاد ادارتی بورڈ تشکیل دیں۔

پیمرا نے اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے سو موٹو کیس نمبر 28 آف 2018 کے فیصلے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ستمبر 2022 کے حکم کا بھی حوالہ دیا ہے، جس میں نشریات میں تاخیر کے مقررہ طریقہ کار پر عمل درآمد سے متعلق ہدایات شامل ہیں۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002 کی ترامیم شدہ دفعات 29-A، 30 اور 33 کے تحت قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

یہ مراسلہ پیمرا کی چیئرپرسن کی منظوری سے ڈائریکٹر آپریشنز، براڈکاسٹ میڈیا عمیر عظیم کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں