نورس اٹلانٹک کی اچانک آپریشن معطلی، برطانیہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ
پی آئی اے نے برطانیہ کے تمام آپریشن کل سے اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد: نورس اٹلانٹک کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع اچانک آپریشن معطل کیے جانے کے باعث برطانیہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں متاثر ہوگئیں، جنہیں منسوخ کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق برطانوی آپریشن کو تقویت دینے کے لیے نورس اٹلانٹک سے دو طیارے ویٹ لیز پر حاصل کیے گئے تھے، تاہم نورس اٹلانٹک نے کچھ لمحے قبل اچانک آپریشن معطل کردیا۔
آپریشن کی معطلی ایسے وقت میں ہوئی جب لندن اور مانچسٹر میں مسافروں کا چیک اِن شروع ہونے والا تھا، جس کے باعث لندن سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 710 منسوخ کردی گئی ہیں۔
پی آئی اے نے تیسرے فریق پر انحصار ختم کرنے اور فضائی آپریشن کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرتے ہوئے کل 26 نومبر سے برطانیہ کے تمام آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کل سے پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق چلانے کے لیے متبادل انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ مسافروں کو اگلی پروازوں پر منتقل کرنے کے لیے ان سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
پی آئی اے نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروازوں کی معلومات یا بکنگ میں تبدیلی کے لیے مسافر ایئرلائن کی ویب سائٹ یا کال سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔