پاکستان کا پہلا خلا باز امیدوں کے سفر پر روانہ، قوم کے خلائی خوابوں کو نئی تحریک مل گئی

اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو، یعنی سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن ، کے سپیس ایپلی کیشن سنٹر فار کلائمیٹ چینج کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد فاروق نے امید ظاہر کی ہے کہ خلا میں جانے والے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی ملک میں سائنسی ترقی کے نئے راستے کھولیں گے، جو گزشتہ کئی برسوں سے ثابت قدمی کے ساتھ اس شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ شین ژو-24 انسان بردار خلائی جہاز کی لانچنگ مکمل طور پر کامیاب رہی۔ شین ژو-24 خلائی مشن کے لئے پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر منتخب ہونے والے محمد ذیشان علی چین کے تیان گونگ خلائی سٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
محمد فاروق نے کہا کہ ’’میں نے ذیشان علی کو سپارکو میں اس وقت تربیت حاصل کرتے دیکھا تھا جب انہیں پہلے مرحلے میں منتخب کیا گیا تھا۔ وہ مائیکرو گریوٹی کے ماحول میں سائنسی تجربات کرنے کی تیاری کر رہے تھے اور پاکستان کے پہلے خلا باز بننے کے حوالے سے انتہائی پرجوش تھے۔‘‘
محمد فاروق نے مزید کہا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ان کے لئے اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے بھرپور تربیت حاصل کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے پوری کریں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔‘‘
محمد فاروق نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’سپارکو کا مقصد گہری خلا کی کھوج اور خلا میں سائنسی و تکنیکی تجربات کرنا ہے تاکہ ہمارے سائنس دان طویل مدتی خلائی مشنز میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ محمد ذیشان علی کا مشن ہمارے خلائی وژن کی عملی تعبیر کا محض آغاز ہے جس میں چین اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘‘
سی ایم ایس اے کے ایک ترجمان کے مطابق شین ژو-24 مشن کے دوران بائیو ٹیکنالوجی اور میٹریلز کے شعبوں میں چین اور پاکستان کے 4 مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ذیشان علی خلا میں فوٹوسنتھیٹک سائنو بیکٹیریا پر ایک تجربہ بھی کریں گے۔
مشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ذیشان علی نے چینی زبان سیکھنے اور چینی ثقافت سے آگاہی حاصل کرنے پر بھی توجہ دی جو چین اور پاکستان کے خلائی تعاون کے ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کی عکاسی کرتا ہے۔
اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں بیجنگ لینگویج اینڈ کلچر یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ چینی زبان کے استاد محمد ارسلان نے ذیشان علی کو ایک پرجوش طالب علم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چینی زبان اور ثقافت میں گہری دلچسپی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ کلاس میں پوری توجہ دیتے تھے اور سیکھی گئی باتوں کا خلاصہ کرنے میں بھی مہارت رکھتے تھے۔‘‘
کلاس روم کے علاوہ ذیشان علی نے چینی خطاطی کی مشق کی، چینی فلمیں دیکھیں اور چینی کھانے کھانے کے لئے چاپ سٹکس کا استعمال بھی سیکھا، یوں انہوں نے چینی ثقافت کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کی۔
ارسلان نے کہا کہ ’’چین سے متعلق تقریباً ہر چیز انہیں متاثر کرتی تھی۔ مزید تربیت کے لئے چین جانے کے بعد بھی وہ چینی زبان کی تعلیم کے حوالے سے مجھ سے رہنمائی لیتے رہے۔‘‘
اسلام آباد میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے طلبہ اور اساتذہ بھی ذیشان علی کے خلائی سفر کو پاکستان میں خلائی علوم کی ترقی کی جانب ایک اہم پہلا قدم قرار دیتے ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور گلوبل نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹمز اینڈ سپیس ایجوکیشن ریسرچ لیب کے ڈائریکٹر عبد الوحید نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سپارکو کے ذریعے سیٹلائٹس خلا میں بھیجتے رہے ہیں، تاہم سائنسی تجربات کے لئے کسی انسان کو خلا میں بھیجنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان تجربات سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ پوری انسانیت کی ترقی میں بھی مدد ملے گی، کیونکہ ان سے ایسا علم حاصل ہونے کی توقع ہے جو دنیا بھر کے ممالک کے لئے مفید ثابت ہوگا۔‘‘
عبدالوحید نے مزید کہا کہ ’’یہ ہمارے طلبہ اور پوری قوم کے لئے ایک بہترین موقع ہے۔ اس سے نوجوانوں کو خلا کی کھوج، خلائی سائنس اور فلکیات کے مطالعے کی ترغیب ملے گی اور وہ اس بارے میں سوچ سکیں گے کہ پاکستان مستقبل میں اپنا خلائی سٹیشن کیسے قائم کر سکتا ہے یا چاند اور مریخ تک کیسے پہنچ سکتا ہے۔‘‘
عبد الوحید نے کہا کہ ’’ہر پاکستانی چاند اور ستاروں کو قریب سے دیکھنے کا خواب رکھتا ہے۔ اب یہ خواب حقیقت بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک طرح سے ذیشان علی پوری قوم کے خواب کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں۔ ان کا یہ سفر ہر پاکستانی بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کے لئے تحریک کا باعث بنے گا۔‘‘
انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے خلائی علوم کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم سید واصف کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون نے اس شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے نئی امنگیں پیدا کی ہیں اور امکانات کے نئے دروازے کھولے ہیں۔
واصف نے کہا کہ ’’اس پیش رفت نے ہمارے شعبے کے دائرہ کار کو نمایاں طور پر وسعت دی ہے اور ہم جیسے طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ ہم اس وقت بیچلر ڈگریاں مکمل کر رہے ہیں اور ہم میں سے بہت سے طلبہ اس شعبے میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس مشن نے ہمارے لئے راہ ہموار کی ہے اور مستقبل میں پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے ہمیں ایک واضح سمت دی ہے۔‘‘
پاکستان کے لئے ذیشان علی کا خلائی مشن محض ایک انفرادی کامیابی نہیں بلکہ سائنسی ترقی کی کوششوں میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ یہ مشن نوجوانوں کو زمین کی حدود سے آگے بڑھ کر خواب دیکھنے کا ایک عملی جواز فراہم کرتا ہے۔ خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چین اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعاون کے پیش نظر توقع ہے کہ یہ مشن پاکستانی سائنس دانوں، محققین اور انجینئرز کی نئی نسل کو خلائی تحقیق کے شعبے میں اپنا مستقبل بنانے کی ترغیب دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں