### پاکستان کے پہلے خلانورد کا خلائی سفر، قوم کے سائنسی خوابوں کو نئی امید مل گئی
پاکستان کے پہلے خلانورد محمد ذیشان علی کا خلائی سفر ملک میں سائنسی ترقی اور خلائی تحقیق کے نئے امکانات روشن کرنے لگا، ماہرین اور طلبہ نے مشن کو پاکستان کے خلائی پروگرام میں تاریخی پیش رفت قرار دے دیا۔
چینی خلائی مشن شین ژو 24 کی کامیاب لانچنگ کے بعد محمد ذیشان علی چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلانورد بن گئے ہیں، جہاں وہ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے کلائمیٹ چینج اسپیس ایپلی کیشن سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد فاروق نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لیے بڑا اعزاز ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے انجام دے کر ملک کا نام روشن کریں گے۔
محمد فاروق کے مطابق ذیشان علی نے سپارکو میں ابتدائی تربیت کے دوران مائیکرو گریوٹی میں سائنسی تجربات کی تیاری کی اور خلاء میں جانے کے لیے انتہائی پرجوش تھے۔ ان کا مشن پاکستان کے خلائی وژن کی عملی تعبیر کا آغاز ہے، جس میں چین اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چینی خلائی ادارے کے مطابق شین ژو 24 مشن کے دوران پاکستان اور چین کے مشترکہ چار سائنسی منصوبوں پر بائیو ٹیکنالوجی اور مٹیریل سائنس کے شعبوں میں کام کیا جائے گا، جبکہ ذیشان علی خلاء میں فوٹو سنتھیٹک سائنو بیکٹیریا پر تجربہ بھی کریں گے۔
خلائی مشن کی تیاری کے دوران ذیشان علی نے چینی زبان اور ثقافت بھی سیکھی۔ اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی زبان کے استاد محمد ارسلان کے مطابق ذیشان علی زبان سیکھنے میں دلچسپی رکھتے تھے اور چینی ثقافت سے متاثر تھے، انہوں نے چینی خطاطی، فلمیں دیکھنے اور چینی کھانے کے لیے چاپ اسٹکس استعمال کرنے کی مشق بھی کی۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی اسلام آباد کے اساتذہ اور طلبہ نے مشن کو پاکستان میں خلائی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
ادارے کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور خلائی تعلیم و تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر عبدالوحید کے مطابق پاکستان سیٹلائٹس لانچ کرنے کے بعد اب انسانی خلائی مشن کے ذریعے سائنسی تجربات کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ان تجربات سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری انسانیت کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذیشان علی کا سفر نوجوانوں کو خلائی سائنس، فلکیات اور تحقیق کی جانب راغب کرے گا اور پاکستانی طلبہ کو مستقبل میں اپنے خلائی اسٹیشن، چاند اور مریخ تک رسائی کے خواب دیکھنے کی ترغیب دے گا۔
خلائی علوم کے طالب علم سید واصف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے خلائی تعاون نے طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، اس مشن سے خلائی علوم میں اعلیٰ تعلیم اور مستقبل میں سائنسی کیریئر کے لیے واضح راستہ ملا ہے۔
پاکستان کے پہلے خلانورد کا یہ سفر محض ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ قومی سائنسی ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے، جس سے نئی نسل میں خلائی تحقیق، انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہونے کی امید ہے۔