پشاور: گورنمنٹ کالج چوک میں طلباء تنظیموں کے درمیان تصادم، متعدد طلباء زخمی، جی ٹی روڈ بند، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
پشاور کے گورنمنٹ کالج چوک میں اسلامی جمعیت طلبہ اور پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے طلباء کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد طلباء زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تصادم کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور طلباء کو منتشر کردیا۔ مظاہرین نے تشدد میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں واقعہ ذاتی رنجش اور تنگ کرنے کی وجہ سے پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ واقعے میں فائرنگ نہیں ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک فریق محمد دانیال کی جانب سے رپورٹ موصول ہونے پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ واقعے کے اصل حقائق اور تمام پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔