بانی پی ٹی آئی کی نجی اسپتال منتقلی، عظمیٰ خان کی توہین عدالت درخواست 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی نجی اسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
سپریم کورٹ نے 14 ستمبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا روسٹر جاری کردیا ہے۔ رجسٹرار آفس کے مطابق متعلقہ کیٹیگری میں اس نوعیت کی 94 درخواستیں پہلے سے زیر التوا ہیں، جبکہ عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست ان درخواستوں میں سب سے آخر میں دائر ہوئی۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ فکسیشن پالیسی کے تحت مقدمات کو متعلقہ کیٹیگری میں اپنی باری کے مطابق سماعت کے لیے مقرر کیا جاتا ہے۔
تاہم جس مرکزی مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی نجی اسپتال منتقلی سے متعلق حکم جاری کیا گیا تھا، سپریم کورٹ اسے بھی 16 ستمبر کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے چکی ہے۔
اسی بنیاد پر عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست بھی مرکزی مقدمے کے ساتھ 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے جاری کردہ روسٹر کے مطابق 16 ستمبر کو کیس کی سماعت بینچ نمبر 5 کرے گا، جس میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں۔