باڑہ میں صورتحال پر قابو پا لیا گیا، 50 کے قریب شرپسند گرفتار، پولیس اہلکار کے اغوا کی تردید
پشاور: کیپٹل سٹی پولیس کے ترجمان کے مطابق باڑہ میں صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ پولیس نے تقریباً 50 شرپسند عناصر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے باڑہ میں پولیس اہلکار کے اغوا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ترجمان کے مطابق سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف دہشت گردی اور تخریب کاری کی دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔