ہری پور میں پانچ سالہ بچی کے مبینہ اغوا، زیادتی اور قتل کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نوٹس لے لیا
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے ہری پور میں پانچ سالہ بچی کے مبینہ اغوا، زیادتی اور قتل کے دلخراش واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے رنج و غم اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے خلاف ایسے گھناونے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق بچی کی گمشدگی کے بعد تحقیقات کے نتیجے میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر چوتھے ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ملزمان سے تفتیش کے بعد بچی کی لاش برآمد کرلی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں اور جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جائے۔
محمد سہیل خان آفریدی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بچی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔