لانگ مارچ ڈیوٹی پر تعینات ایک اور پولیس اہلکار جاں بحق، مختلف واقعات میں چار اہلکار پہلے بھی جانیں گنوا چکے
اٹک میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے سلسلے میں خصوصی ڈیوٹی پر تعینات فیصل آباد پولیس کے کانسٹیبل یاسین ڈوگر کو حسن ابدال کے علاقے برہان اسکول میں اچانک دل کا دورہ پڑا۔ انہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال حسن ابدال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کی میت آبائی علاقے روانہ کردی گئی۔
اطلاعات کے مطابق لانگ مارچ ڈیوٹی کے دوران اس سے قبل کوٹ ادو کے کانسٹیبل محمد شہزاد دل کا دورہ پڑنے، منڈی بہاؤالدین کے کانسٹیبل زین عباس بوسال غازی بروتھا نہر میں گرنے، ملتان پولیس کے کانسٹیبل عمران بیماری اور ڈیرہ غازی خان پولیس کے کانسٹیبل ذوالفقار علی حرکتِ قلب بند ہونے سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کی رہائش اور خوراک کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متعدد اہلکار خیموں میں قیام پذیر ہیں، جبکہ اعلیٰ افسران کے لیے بہتر رہائش اور سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔ اہلکاروں کے خیموں میں سور گھسنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس کے بعد ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی رہائشی سہولیات اور انتظامات زیرِ بحث آگئے ہیں۔