فیلڈ مارشل عاصم منیر کا واہ آرڈیننس فیکٹری کا دورہ، دفاعی پیداوار اور برآمدی صلاحیتوں کا جائزہ
راولپنڈی، 29 اگست 2026: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی صنعتی تنصیب پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی استعداد اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار کا جائزہ لیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کے مختلف شعبہ جات، آپریشنز اور ملکی سطح پر جدید عسکری سازوسامان کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے جانے والے اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور تجربات کا بھی مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی طور پر اسلحہ و گولہ بارود کی تیاری خود انحصاری، جدت اور پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کے عزم کی عکاس ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو DIPRA آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل کو دفاعی پیداوار میں مقامی وسائل اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار، صنعتی استعداد اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔