راولپنڈی: ویسٹریج میں مبینہ پولیس مقابلہ، 12 سالہ بچی کے اغوا و زیادتی کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

راولپنڈی: ویسٹریج میں مبینہ پولیس مقابلہ، 12 سالہ بچی کے اغوا و زیادتی کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

راولپنڈی: ویسٹریج کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 12 سالہ بچی کو اغوا کرکے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور اسے اپنے ہمراہ لے کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم ناظم اللہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم ناظم اللہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ریڈنگ پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے جواب میں پولیس کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔ مبینہ مقابلے کے دوران ناظم اللہ زخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ، اقدامِ قتل اور پولیس مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کو گزشتہ روز شہریوں نے مبینہ طور پر پکڑ لیا تھا اور اس کی پٹائی بھی کی گئی تھی، تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ بعدازاں پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کردی۔

پولیس حکام کے مطابق کمسن بچی کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جارہی ہے اور قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں