اسلام آباد: سواں گارڈن میں معصوم بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا ڈرائیور گرفتار
اسلام آباد پولیس نے سواں گارڈن، ڈی بلاک میں گزشتہ دنوں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں ملوث ڈرائیور کو بالآخر گرفتار کر لیا۔
واقعے کے مطابق ایک معصوم بچہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی نے اسے کچل دیا۔ حادثے کے بعد واقعے کی ویڈیو اور دیگر شواہد سامنے آنے پر پولیس نے ڈرائیور کی تلاش شروع کی۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا تھا کہ ذمہ دار ڈرائیور کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
پولیس کی جانب سے ڈرائیور کی گرفتاری کے بعد اہلِ علاقہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اہلِ علاقہ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ اگر کسی کے پاس گاڑی، ڈرائیور یا واقعے سے متعلق CCTV فوٹیج یا دیگر معلومات موجود ہوں تو وہ پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ذمہ دار شخص کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
اسلام آباد پولیس تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں بچے کو گاڑی کی ٹکر مار کر فرار ہونے والا ملزم قلیل وقت میں گرفتار۔
ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف کی زیر نگرانی لوہی بھیر پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور موثر انسانی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم جنید جمشید کو فوری طور پر ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔
اسلام آباد پولیس شہریوں بالخصوص بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے متحرک ہے۔ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور فوری کارروائیاں جاری رہیں گی۔