شاہ غلام قادر آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم نامزد، 27 اگست کو حلف اٹھائیں گے
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں حکومت سازی کے مرحلے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ مسلم لیگ (ن) نے شاہ غلام قادر کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم نامزد کردیا ہے۔ شاہ غلام قادر سے 27 اگست کو قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر طارق فاروق حلف لیں گے۔
ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی جانب سے شاہ غلام قادر کی بطور وزیراعظم نامزدگی کا باضابطہ اعلان مریم اورنگزیب کریں گی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی اہم سیاسی مشن کے سلسلے میں مظفرآباد پہنچ گئے ہیں، جبکہ سینیٹر انوشہ رحمان خان نے بھی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کو برتری
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابی عمل مکمل ہوگیا، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کی 3 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی 2 امیدوار کامیاب ہوئیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے افتخار گیلانی نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو شکست دی۔
علما و مشائخ کی نشست پر بھی مسلم لیگ (ن) کے محمد مظہر سعید نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کو شکست دی۔
اوورسیز کشمیری کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے عبدالرحمن آرائیں پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
خواتین کی آخری نشست پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی امیدوار کے درمیان مقابلہ برابر رہا، دونوں امیدواروں نے 5،5 ووٹ حاصل کیے۔ برابر ووٹ آنے کے بعد قرعہ اندازی کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کی زوبیہ خورشید راجہ کامیاب قرار پائیں۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس
مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شاہ غلام قادر کی زیر صدارت ہوا، جس میں قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی، آئین و قانون کی بالادستی، میرٹ اور انصاف کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس نے نظریہ الحاق پاکستان اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ پر کاربند رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
امن و امان اور ترقیاتی عمل کی بحالی کا عزم
اجلاس میں کہا گیا کہ آئندہ حکومت آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی، جبکہ خطے میں رکے ہوئے تعمیر و ترقی کے عمل کو دوبارہ بحال کرکے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جائے گی۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے حالیہ انتخابی عمل پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور انتظامیہ کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔
مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعلان
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان کی جانب سے ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف کیے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مبینہ بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کا نوٹس لیا جائے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت نے 2019 میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ اجلاس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
پارلیمانی پارٹی نے بھارت میں امریکی سفیر کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے دیے گئے بیان کو بھی مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شاہ غلام قادر کی نامزدگی کے بعد آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے، جبکہ 27 اگست کو ان کی حلف برداری کے بعد نئی حکومت باضابطہ طور پر کام شروع کرے گی۔