پاکستان اور امریکہ کے درمیان ثقافتی تعاون دوطرفہ تعلقات کا مضبوط ستون ہے، وفاقی وزیر ثقافت
اسلام آباد: وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب خان کھچی اور امریکی قائم مقام سفیر اینڈی ہیلس نے لوک ورثہ ہیریٹیج میوزیم میں ’’لیٹ فریڈم رنگ‘‘ امریکی لبرٹی بیل نمائش کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ثقافتی تعاون دوطرفہ تعلقات کا مضبوط ستون ہے، عوامی روابط اور ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے پاک امریکہ دوستی مزید مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں نے لبرٹی بیل کو منفرد فن پاروں میں ڈھال کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے، جبکہ امریکہ سے 450 سے زائد قیمتی پاکستانی ثقافتی نوادرات کی واپسی دونوں ممالک کے مؤثر تعاون کا ثمر ہے۔
امریکی قائم مقام سفیر اینڈی ہیلس نے کہا کہ ثقافتی ورثہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کا مضبوط پل ہے۔ لبرٹی بیل آزادی، اظہارِ رائے اور مشترکہ انسانی اقدار کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 پاکستانی فنکاروں نے لبرٹی بیل کو منفرد فن پاروں میں تبدیل کرکے تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔
امریکی قائم مقام سفیر نے کہا کہ 2027 میں پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کے 80 سال مکمل ہوں گے، ثقافتی تعاون دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا۔