انڈونیشین نیوی چیف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
راولپنڈی: چیف آف دی انڈونیشین نیوی ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے فوجی روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ مشقوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ انڈونیشین نیوی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خدمات کو سراہا۔