پاکستان میں مائیگریشن گورننس پر پہلی پارلیمانی ڈائیلاگ، محفوظ اور منظم ہجرت کے لیے مؤثر پالیسی سازی پر زور
اسلام آباد: پاکستان میں مائیگریشن گورننس کے حوالے سے پہلی پارلیمانی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مائیگریشن گورننس کی بہتری کے لیے پارلیمنٹ کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ محفوظ، منظم اور باقاعدہ ہجرت کے لیے مؤثر پالیسی سازی ناگزیر ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کو قانونی اور محفوظ ہجرت کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مائیگریشن کے نظام میں شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک میں روزگار کے مواقع میں اضافہ بھی ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والے افراد کو مختلف سماجی، معاشی اور انسانی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ اور باوقار ہجرت کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات، عوامی آگاہی اور قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تک رسائی کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔