


وفاقی حکومت نے انفارمیشن گروپ کے گریڈ 20 کے افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے انفارمیشن گروپ کے گریڈ 20 کے تین سینئر افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے اس حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رئیسہ عادل کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
اسی طرح مبشر حسن کو ڈائریکٹر جنرل ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے پہلے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد شہزاد کو ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ ڈائریکٹر جنرل ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
وزارتِ اطلاعات کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق تینوں افسران کی نئی تعیناتیاں فوری طور پر اور تاحکمِ ثانی نافذ العمل ہوں گی۔