کراچی: حساس اداروں کے افسران بن کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے حساس اداروں کے افسران کا روپ دھار کر شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی میں کی گئی، جہاں سے گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل ولد بدرالدین قریشی اور حمزہ ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان خود کو حساس اداروں کے افسران ظاہر کرتے اور فوجی و سرکاری افسران سے تعلقات اور اثر و رسوخ رکھنے کے جھوٹے دعوے کرکے شہریوں کو دھوکا دیتے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر سرکاری محکموں میں تبادلوں، تعیناتیوں اور دیگر سرکاری امور میں کام کروانے کی سہولت فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے رقم وصول کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 114/2026 درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔