بریکنگ نیوز

بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز کی نیلامی کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا بنچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد: بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز کی نیلامی کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائیکورٹ کا بنچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی فائل چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو بھجوا دی۔

سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ وہ اس معاملے کو پہلے بھی انٹرا کورٹ اپیل میں سن چکے ہیں، اس لیے مناسب ہوگا کہ کیس چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ہی سماعت کے لیے مقرر کریں، کیونکہ وہ بھی اس سے متعلق مقدمہ پہلے سن چکے ہیں۔

عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ آیا پہلے بھی اس معاملے پر رٹ پٹیشن دائر کی گئی تھی؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ پہلی رٹ پٹیشن پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر فیصلہ دے چکے ہیں۔

دورانِ سماعت نیب کے پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس معاملے میں پہلے دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بنچ مسترد کر چکا ہے، جبکہ یہ مقدمہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیرِ التوا ہے اور وہاں بھی اسی نوعیت کی استدعا کی گئی ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ہدایت دی کہ چونکہ چیف جسٹس آج دستیاب ہیں، اس لیے کیس ان کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فائل فوری طور پر چیف جسٹس کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ درخواست پر آج ہی سماعت ہو سکے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بحریہ ٹاؤن کی پانچ پراپرٹیز کی 7 جولائی کو نیلامی کے لیے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں