امریکا سے ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانی شہری کی وطن واپسی کے 14 گھنٹے بعد موت، اہل خانہ کا امریکی حکام اور پاکستانی اداروں سے جواب طلب
امریکا سے پاکستان ڈی پورٹ کیے جانے والے 61 سالہ پاکستانی شہری ایاز احمد کی اسلام آباد آمد کے محض 14 گھنٹے بعد موت واقع ہوگئی، اہل خانہ نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی امیگریشن حکام (ICE) اور پاکستانی اداروں سے وضاحت طلب کرلی۔
امریکی نشریاتی ادارے ABC7 کے مطابق ایاز احمد 1997 میں پاکستان سے شکاگو کے نواحی علاقے منتقل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے متعدد کاروبار قائم کیے۔ 3 جون کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے ویزا کی مدت سے زائد قیام کے الزام میں انہیں حراست میں لے لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایاز احمد کے بچوں نے ان کی جلد پاکستان واپسی کے لیے کوششیں کیں کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ حراست کے دوران ان کی صحت مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق ایاز احمد ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریض تھے اور انہیں روزانہ ادویات کی ضرورت تھی، جبکہ ان کے وکیل نے شکاگو سن ٹائمز کو بتایا تھا کہ انہیں ہائی بلڈ پریشر کا بھی مرض لاحق تھا اور سانس لینے کے لیے ایک خصوصی ڈیوائس اور ناک کا اسپرے استعمال کرنا پڑتا تھا۔
ایاز احمد نے تقریباً 10 جون کو اپنے وکیل کو بتایا تھا کہ انہیں ادویات فراہم کی جارہی ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہیں باقاعدگی سے دوائیں مل رہی تھیں یا نہیں۔
29 جولائی کو ایاز احمد سمیت دیگر زیرحراست افراد کو ICE کے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا۔ ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ سے شروع ہونے والا یہ سفر تقریباً 30 گھنٹے جاری رہا، جس دوران طیارے نے آئس لینڈ اور بلغاریہ میں بھی قیام کیا۔
پرواز میں موجود ایک عینی شاہد کے مطابق ایاز احمد نے دوران سفر اپنے کپڑوں میں پیشاب کردیا تھا۔ تاہم امریکی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران ان میں کسی قسم کی طبی ہنگامی صورتحال کے آثار نظر نہیں آئے اور انہیں تمام ضروری ادویات فراہم کی گئیں۔
طیارہ 30 جولائی کو اسلام آباد پہنچا، جہاں ایک دوسرے عینی شاہد کے مطابق ایاز احمد طیارے سے اترنے کے فوراً بعد بے ہوش ہوکر گر پڑے۔ عینی شاہد کا کہنا تھا کہ حکام نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دفاتر منتقل کیا، جہاں مسافروں سے پوچھ گچھ کی جاتی رہی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام ایاز احمد کو طیارے کی اسلام آباد آمد کے تقریباً 14 گھنٹے بعد اسپتال لے کر پہنچے، تاہم اس وقت تک ان کی موت واقع ہوچکی تھی۔
ایاز احمد کے اہل خانہ اب یہ جاننا چاہتے ہیں کہ طویل فضائی سفر کے دوران ان کی طبی حالت کیا تھی، انہیں ادویات باقاعدگی سے فراہم کی گئیں یا نہیں اور اسلام آباد پہنچنے کے بعد انہیں فوری طبی امداد کیوں نہیں دی گئی۔
دوسری جانب امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے غفلت کے الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے انہیں قطعی طور پر غلط قرار دیا ہے۔ ICE کا مؤقف ہے کہ کسی شخص کو اس کی اپنی حکومت کے حوالے کیے جانے کے بعد وہ ادارے کی تحویل میں نہیں رہتا اور اس کی دیکھ بھال کا اختیار بھی ICE کے پاس نہیں ہوتا۔
واقعے نے امریکی حراستی مراکز میں زیرِحراست افراد کی طبی سہولیات اور پاکستان واپسی پر متعلقہ حکام کی ذمہ داریوں سے متعلق اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔