*گوادر:* گوادر پورٹ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بڑے ٹرانس شپمنٹ جہازوں میں سے ایک، بحری جہاز MV BI JIA SHAN کو کامیابی کے ساتھ برتھ اور ہینڈل کرلیا۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی قیادت میں گوادر پورٹ نے پاکستان کی بندرگاہوں کی تاریخ کے بڑے ٹرانس شپمنٹ جہازوں میں سے ایک کو ہینڈل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ چین سے آنے والے اس بحری جہاز میں تقریباً 53 ہزار 277 اعشاریہ 42 میٹرک ٹن پرائم اسٹیل بلیٹس موجود ہیں، جن کی تعداد تقریباً 20 ہزار 669 پیسز بتائی گئی ہے۔ گوادر پورٹ نے تقریباً 12 اعشاریہ 8 میٹر ڈرافٹ رکھنے والے اس بڑے بحری جہاز کو کامیابی اور بہترین انداز میں ہینڈل کرکے ایک اہم آپریشنل کامیابی حاصل کی ہے، جو گوادر پورٹ کے گہرے آبی چینل، جدید انفراسٹرکچر اور بڑے ڈیپ ڈرافٹ جہازوں کو محفوظ انداز میں ہینڈل کرنے کی مکمل صلاحیت کا مظہر ہے۔ MV BI JIA SHAN نے چین کے Bayuquan Port سے سفر شروع کیا تھا اور اس کی اصل منزل پورٹ صُحار عمان تھی، تاہم ٹرانس شپمنٹ آپریشنز کیلئے جہاز کا رخ گوادر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا، جو بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں اور تاجروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی کو گوادر پورٹ اور پاکستان کی میری ٹائم معیشت کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنتا جارہا ہے اور بڑے بین الاقوامی جہازوں کی آمد عالمی سطح پر گوادر پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان گوادر پورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرکے اسے علاقائی تجارت، ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کا مرکزی حب بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ MV BI JIA SHAN کی کامیاب ہینڈلنگ گوادر پورٹ کی آپریشنل صلاحیت، جدید سہولیات اور پیشہ ورانہ استعداد کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے ایک اہم ڈیپ سی پورٹ کے طور پر ابھر رہا ہے، جہاں بڑے اور گہرے ڈرافٹ والے جہازوں کو محفوظ اور بہتر انداز میں ہینڈل کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ محفوظ، مؤثر اور کم لاگت پورٹ سروسز کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کے علاقائی روابط اور عالمی سپلائی چین میں کردار کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔
ہانگ کانگ/چین سے آنے والا 12.8 میٹر ڈرافٹ والہ بڑا جہاز گوادر پورٹ پر لنگر انداز
ایم وی بی جیا شان گوادر پورٹ پر بحفاظت برتھ، وزیر بحری امور جنید انوارچوہدری کا اعلان
مسلسل بڑے جہازوں کی آمد گوادر کی ترقی کا ثبوت ہے، جنید انوار چوہدری
گوادر پورٹ کی ڈیپ ڈرافٹ صلاحیت ایک بار پھر ثابت، جنید انوار چوہدری
گوادر پورٹ نے 53 ہزار میٹرک ٹن سے زائد کارگو جہاز ہینڈل کیا، جنید انوار چوہدری
53,277 میٹرک ٹن اسٹیل بلٹس گوادر پورٹ پر اتارے گئے، وزیر بحری انور جنید انوار چوہدری
گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جنید انوار چوہدری
گوادر پورٹ اب علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب کے طور پر ابھرنے لگا، جنید انوار چوہدری
بھاری کارگو جہاز کی کامیاب ہینڈلنگ سے گوادر کی صلاحیت واضح ہو گئی،جنید انوار چوہدری