پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطہ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کو 3 اور 4 دسمبر 2026 کو تہران میں ہونے والی ای سی او کی 18ویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دہرائی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و سلامتی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران عراقچی نے کویت میں ڈرون حملے سے متعلق ایران پر عائد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ایران کا کسی قسم کا کوئی کردار نہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واقعے میں جانی نقصان اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران واقعے کی تفصیلات، اس کے اصل محرکات اور ملوث فریقین کی شناخت کے لیے کویت کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کرنے پر تیار ہے۔