جے یو آئی کی احتجاجی کال پر خیبرپختونخوا میں احتجاج شدت اختیار کر گیا، پشاور موٹروے ٹول پلازہ بند، پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج، متعدد کارکن گرفتار
پشاور سمیت ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، چکدرہ، ملاکنڈ، چارسدہ اور بونیر میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔ پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر کارکنوں نے احتجاجاً آمدورفت بند کردی، جس کے باعث موٹروے پر ٹریفک معطل اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر احتجاج کیا جا رہا ہے، سرگودھا میں کانفرنس کی اجازت نہ دینے کے خلاف کارکن سراپا احتجاج ہیں اور جب تک قائد جمعیت کی جانب سے واپسی کا اعلان نہیں کیا جاتا، موٹروے بند رہے گی۔
پولیس کے مطابق پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر گزشتہ چار گھنٹوں سے کارکنوں نے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر رکھی تھی، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی، جبکہ پشاور میں درجنوں کارکن گرفتار کر لیے گئے۔
ملاکنڈ ڈویژن میں بھی 40 سے زائد کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں، چارسدہ اور بونیر میں بھی گرفتاریاں رپورٹ ہوئی ہیں۔ احتجاج کے بعد کارکن دوبارہ مفتی محمود مرکز پشاور میں جمع ہونا شروع ہوگئے، جہاں مولانا عطاءالحق درویش کارکنوں سے خطاب کر رہے ہیں۔
جے یو آئی نے امیر صوبہ خیبرپختونخوا سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں جمہوری روایات کے منافی ہیں، حکومت سیاسی انتقامی کارروائیوں سے گریز کرے، گرفتاریوں سے جمعیت کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی نے پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور چکدرہ میں جے یو آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اختلافِ رائے برداشت کرنے کے بجائے طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ ترجمان اے این پی انجینئر احسان اللہ نے مظاہرین کے خلاف کارروائی فوری بند کرنے اور گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اے این پی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کو جلسے کی اجازت نہ دینا جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے، کارکنوں نے اپنے قائد کو جلسے کی اجازت نہ ملنے پر شاہراہیں بند کیں، پرامن شہریوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ سے حالات مزید خراب ہوں گے۔