حسن ابدال میں بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، 900 سے زائد سکھ یاتری پنجہ صاحب پہنچ گئے، فول پروف سیکیورٹی انتظامات
حسن ابدال: گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن (پرکاش پورب) کی تقریبات عقیدت و احترام سے جاری ہیں، بھارت سمیت مختلف مقامات سے آنے والے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 900 سے زائد سکھ یاتری حسن ابدال پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کی حفاظت کے لیے پنجاب پولیس کے 1500 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ اور ڈی پی او علی بن طارق سمیت دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ حکام نے یاتریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او علی بن طارق نے گوردوارہ پنجہ صاحب اور پہاڑی پر واقع بابا ولی قندھاری کے مقام کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اٹک پولیس سکھ یاتریوں کی حفاظت اور تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے متحرک ہے۔
گوردوارہ پنجہ صاحب میں تقریبات کے دوسرے روز مذہبی رسومات کا آغاز صبح سویرے نتنیم اور جپ جی صاحب کے پاٹھ سے ہوا۔ یاتریوں نے دربار صاحب میں حاضری دی، متھا ٹیکا، اکھنڈ پاٹھ صاحب اور راگی جتھوں کے شبھ کیرتن میں شرکت کی۔ سکھ یاتریوں نے گرو نانک دیو جی کے پنجے کے مقدس نشان کی زیارت اور مقدس سرور میں اشنان بھی کیا۔
گوردوارے میں لنگر کی خدمت جاری ہے جہاں یاتری کھانے کی تیاری اور تقسیم سمیت مختلف خدمات میں حصہ لے رہے ہیں۔ شام کو رہراس صاحب کا پاٹھ اور ارداس کی گئی۔ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، طبی سہولیات، صفائی اور دیگر ضروری انتظامات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اٹک میاں مراد حسین نیکوکارہ نے گوردوارے کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی اور ماحول کی بہتری کے انتظامات کا جائزہ لیا اور یاتریوں سے سہولیات کے حوالے سے براہ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو صفائی کے بہترین معیار اور خوشگوار ماحول برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
سکھ یاتریوں نے پاکستان میں ملنے والی محبت، مہمان نوازی اور بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت، وزیراعلیٰ مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انتظامات کو سراہا۔
### دوران کوریج دل کا دورہ پڑنے سے صحافی اسماعیل خان انتقال کر گئے
دوسری جانب تحصیل حضرو کے معروف صحافی اور سنو نیوز کے نمائندے محمد اسماعیل خان سکھ یاتریوں کی مذہبی تقریبات کی کوریج کے بعد واپسی پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
مرحوم گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بھارت اور پاکستان سے آنے والے سکھ یاتریوں کی مذہبی رسومات کی رپورٹنگ کے بعد گھر روانہ ہوئے تھے کہ راستے میں انہیں دل کا جان لیوا دورہ پڑا۔ ان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کاملپور موسیٰ میں ادا کی گئی، جس میں صحافیوں، اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحوم اسماعیل خان پولیس، ریسکیو سروسز اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی سرگرمیوں سمیت عوامی مسائل اجاگر کرنے کے لیے صحافتی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ بیوہ اور چار بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔
رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف میجر طاہر صادق، ایمان طاہر صادق، سابق رکن قومی اسمبلی محمد زین الٰہی، ضلعی صدر مسلم لیگ ن محمد سلیم شہزاد، ڈاکٹر میاں راشد مشتاق، ملک طاہر اعوان، بیرسٹر ملک آذان اعوان، شہزاد نیاز کھوکھر، محمد عتیق اور دیگر شخصیات نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔