پشاور میں رکشے پر فائرنگ، میاں بیوی جاں بحق، بیٹا شدید زخمی، واقعہ سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی کا شاخسانہ قرار
پشاور کے تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی عطاء محمد میں موٹرسائیکل سوار ملزم نے رکشے پر فائرنگ کرکے میاں بیوی کو قتل جبکہ ان کے بیٹے کو شدید زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں نورزادہ بی بی اور ان کے شوہر علاؤالدین جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا بیٹا بلال شدید زخمی ہوا۔ زخمی اور مقتولین کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول میاں بیوی عدالت میں پیشی کے بعد واپس جارہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار ملزم نے انہیں نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔