خیبرپختونخوا: خستہ حال اسکولوں میں تدریسی عمل بند کرنے کا حکم، 21 اکتوبر تک رپورٹ طلب

: خیبرپختونخوا: خستہ حال اسکولوں میں تدریسی عمل بند کرنے کا حکم، 21 اکتوبر تک رپورٹ طلب

پشاور: دیر کالونی پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔ تمام اضلاع میں خطرناک اور خستہ حال اسکولوں کی فوری نشاندہی کرکے غیر محفوظ عمارتوں میں تدریسی سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق جن اسکولوں کی عمارتیں طلبہ اور اساتذہ کے لیے غیر محفوظ قرار دی جائیں گی، وہاں تدریسی عمل فوری طور پر روک دیا جائے گا، جبکہ متاثرہ طلبہ کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے قریبی محفوظ عمارتوں میں منتقل کیا جائے گا۔

ہدایت نامے کے تحت خطرناک قرار دیے گئے اسکولوں کا اسٹرکچرل سروے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کے انجینئرز کریں گے۔ ضروری مرمت، تکنیکی جانچ اور عمارت کی فٹنس کی تصدیق کے بعد ہی تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

محکمہ تعلیم نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز، عوامی شکایات اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر بھی غیر محفوظ اسکولوں کی فوری جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسکولوں کی عمارتوں سے متعلق شکایات کی تصدیق کرکے ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

تمام ضلعی حکام سے اسکولوں کی عمارتوں کے معائنے، خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کی نشاندہی اور طلبہ کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر مشتمل جامع رپورٹ 21 اکتوبر تک طلب کرلی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حفاظتی اقدامات سے متعلق احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کی جان و سلامتی کو لاحق خطرات کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں