پٹرولیم لیوی کے خاتمے پر جماعت اسلامی کا دوٹوک مؤقف، وزیراعظم شہباز شریف کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات متوقع

پٹرولیم لیوی کے خاتمے پر جماعت اسلامی کا دوٹوک مؤقف، وزیراعظم شہباز شریف کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات متوقع

لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ خان نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور وزیراعظم شہباز شریف کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے متوقع ملاقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے شعبہ اطلاعات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے لیاقت بلوچ کو بتایا کہ وزیراعظم اپنے وعدے کے مطابق حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ملاقات سے قبل دونوں جانب کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کا بھی امکان ہے، جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے واضح ایجنڈے اور نکات پر بات چیت کی جائے گی۔

مذاکرات کا مقصد وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ٹھوس پیش رفت یقینی بنانا ہے۔

لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ اور اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی کی صورت میں عوام سے وصول کی جانے والی اضافی رقم کا خاتمہ ہی حقیقی ریلیف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی درخواست پر جماعت اسلامی نے سپر لانگ مارچ میں عارضی وقفہ کیا تھا، تاہم عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں جلسوں اور دستخطی مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

لیاقت بلوچ نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ جماعت اسلامی اس وقت تک اپنی تحریک جاری رکھے گی جب تک عوام کے لیے بڑا ریلیف پیکج حاصل نہیں کر لیا جاتا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے واضح اور عملی پیش رفت ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں