35 فیصد اضافی گیس نجی شعبے کو فروخت کرنے کی پالیسی نیب کے ریڈار پر، وزارت پیٹرولیم سمیت متعدد اداروں کو نوٹسز جاری

رپورٹ ناصر جمال
35 فیصد اضافی گیس نجی شعبے کو فروخت کرنے کی پالیسی نیب کے ریڈار پر، وزارت پیٹرولیم سمیت متعدد اداروں کو نوٹسز جاری

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے نئی گیس دریافتوں سے 35 فیصد اضافی گیس نجی شعبے کو فروخت کرنے کی پالیسی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیب نے وزارت پیٹرولیم، سوئی ناردرن گیس کمپنی (SNGPL)، یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (UGDC)، اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مبینہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے حوالے سے نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیب کے اسپیشل انویسٹی گیشن ڈویژن نے 17 نومبر کو اضافی گیس کی الاٹمنٹ سے متعلق نوٹس جاری کیے، جن پر ایڈیشنل ڈائریکٹر عمار مارتھ کے دستخط ہیں۔ نگران حکومت کے دور میں منظور کی گئی پالیسی کے تحت تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار (E&P) کرنے والی کمپنیوں کو نئی دریافتوں سے 35 فیصد اضافی گیس نجی شعبے کو فروخت کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

یہ فیصلہ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں کو مالی مشکلات، ڈالرز کی قلت اور حکومتی ادائیگیوں میں تاخیر سے نکالنے کے لیے کیا گیا تھا، کیونکہ ان مسائل کے باعث کمپنیوں کے معمول کے آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ اس وقت صرف گیس کے شعبے کا سرکلر ڈیٹ تقریباً 2 ہزار ارب روپے تھا، جو بعد ازاں بڑھ کر 2 ہزار 400 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ یہ بجلی کے شعبے کے سرکلر ڈیٹ سے الگ ہے۔

ای این پی کمپنیوں نے حکومت سے نئی دریافتوں کی 50 فیصد گیس نجی شعبے کو فروخت کرنے کی اجازت طلب کی تھی، تاہم حکومت نے 35 فیصد کی اجازت دی۔ نئی دریافتوں پر حکومت کمپنیوں کو تقریباً 6 سے ساڑھے 6 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت ادا کرتی ہے، جبکہ پالیسی کے تحت کمپنیاں تھرڈ پارٹی کو کروڈ آئل کی قیمت کے مقابلے میں 12 فیصد تفاوت پر گیس فروخت کرسکتی ہیں۔ کروڈ آئل کی قیمت 112 ڈالر فی بیرل کیپ رکھی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس پالیسی کے تحت حکومت کو بھی فی ایم ایم بی ٹی یو تقریباً ایک ڈالر اضافی آمدن حاصل ہورہی ہے، جبکہ نجی شعبے کو گیس فروخت کرنے کی قیمت کمپنیوں کے لیے بہتر تجارتی مواقع فراہم کرتی ہے۔

حکومت کو اس پالیسی کے وقت ایل این جی کی کھپت اور ادائیگیوں کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ایل این جی کی ادائیگیوں کے لیے مقامی گیس اور تیل کی پیداوار کم یا بند کی گئی، تاکہ قطر اور دیگر سپلائرز کو ادائیگیاں ممکن بنائی جاسکیں۔ اس صورتحال کے باعث پاکستانی روپے پر بھی دباؤ بڑھا، جبکہ صنعتوں اور کمرشل صارفین کو ایل این جی پر منتقل کیا گیا اور سسٹم گیس کی فراہمی کے کئی معاہدے ختم کیے گئے، کیونکہ مقامی گیس کی قیمت ایل این جی کے مقابلے میں کم تھی۔

پیٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹ (PCA) کے تحت ای این پی کمپنیوں کو ڈالر میں ادائیگیاں کی جاتی ہیں، تاہم مقامی کمپنیوں نے حکومت کو پاکستانی روپے میں ادائیگیاں قبول کرنے کی پیشکش بھی کی تھی۔

امریکہ، اسرائیل اور ایران جنگ کے بعد قطر اور متحدہ عرب امارات سے گیس سپلائی متاثر ہونے اور فورس میجر کی صورتحال پیدا ہونے کے بعد UGDC کو مقامی گیس کی اضافی طلب سے فائدہ پہنچا۔ ٹل بلاک سے کمپنی کو اضافی گیس اٹھانا لازمی ہے، جس کی مقدار پہلے 20 ایم ایم سی ایف ڈی تھی، اب بڑھ کر 50 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگئی ہے، جبکہ مزید 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فرٹیلائزر سیکٹر کو فراہم کی جارہی ہے۔

پیٹرولیم سیکٹر کے حلقوں نے نیب کی تحقیقات پر حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نئے کاروباری مواقع کے خلاف کارروائی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تیل و گیس کا کاروبار شدید مالی خطرات کا شکار تھا تو کسی نے کمپنیوں کی مشکلات کا نوٹس نہیں لیا، لیکن اب جب نجی شعبے کو گیس فروخت کرنے سے فائدہ حاصل ہورہا ہے تو تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ان حلقوں کے مطابق نئی پالیسی سے حکومت کو بھی اربوں روپے اضافی آمدن حاصل ہوئی ہے۔ اگر اضافی گیس نجی شعبے کو فروخت نہ کی جاتی تو حکومت روایتی قیمتوں پر ہی گیس خرید رہی ہوتی۔ ان کا کہنا ہے کہ گیس کی طلب میں اضافہ اور بہتر قیمت پر فروخت کاروباری سرگرمیوں کا حصہ ہے اور اس سے حکومت کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔

UGDC کے چیئرمین غیاث پراچہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی ریاست کے تمام قواعد و ضوابط اور قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اس مقام تک پہنچی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کا کاروبار مکمل طور پر قانونی ہے اور اس نے حکومت پاکستان کو براہ راست جبکہ سوئی گیس کمپنی کو الگ سے ریکارڈ فنڈز کما کر دیے ہیں۔

غیاث پراچہ کے مطابق نیب کی جانب سے طلب کیا گیا تمام ریکارڈ فراہم کردیا جائے گا اور کمپنی نے ہمیشہ ہر فورم پر اپنی دیانت داری ثابت کی ہے، وہ اس تحقیقات میں بھی سرخرو ہوگی۔

تحقیقاتی صحافی شہزاد پراچہ کا کہنا ہے کہ نیب کا اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اس انکوائری کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں