گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا عوام کے نام اہم پیغام، صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن مستقبل چاہتے ہیں اور دہشت گردی و پُرتشدد کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبے کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مزید فتنۃ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے، بلکہ اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔ مشترکہ کوششوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر صوبے میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ عوام جمہوری اقدار کا فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ صوبے کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی سمیت پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔
گورنر نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔