پشاور: سیکیورٹی تھریٹ کے باوجود وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سول سیکرٹریٹ مسجد پہنچ گئے، نماز جمعہ ادا کی، چیف سیکرٹری سے ہنگامی ملاقات
پشاور میں سیکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ خالی کرانے، مسجد بند کرنے اور نماز جمعہ کے لیے موجود نمازیوں کو باہر جانے کی ہدایت کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی فوری طور پر سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ چیف سیکرٹری بھی ان کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری سے ہنگامی ملاقات بھی کی۔
ذرائع کے مطابق سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں مبینہ حملے کے خدشے کے باعث نماز جمعہ کی ادائیگی روک دی گئی تھی اور نمازیوں کو مسجد سے باہر جانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خود مسجد پہنچے اور نماز جمعہ ادا کی۔
دوسری جانب پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گشت بڑھا دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ورسک روڈ پر سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی عمارت خالی کرا لی گئی ہے، جہاں محکمہ اطلاعات، لائیو اسٹاک، صحت اور دیگر محکموں کا عملہ تعینات ہے۔ پولیس لائنز پشاور میں داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر خالی کرانے کی ہدایت جاری کی گئی، بیشتر ملازمین اور افسران عمارت سے باہر نکل گئے۔ سیکیورٹی تھریٹ کے باعث مسجد بند کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی کے مرکزی گیٹ بند کر دیے گئے ہیں، داخلہ اور خروج روک دیا گیا ہے جبکہ ملازمین کو دفاتر تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسمبلی عمارت سے باہر جانے والوں کے لیے فی الحال واپسی کا راستہ بھی بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی تھریٹ کے باعث سرکاری دفاتر اور مساجد کی بندش پر بعض حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم مبینہ حملے کے خطرے اور ان اقدامات کے پس منظر سے متعلق حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔