آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشیدہ صورتحال، شیلنگ اور فائرنگ کی اطلاعات، راولاکوٹ میں نوجوان کی ہلاکت کی بھی اطلاع

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشیدہ صورتحال، شیلنگ اور فائرنگ کی اطلاعات، راولاکوٹ میں نوجوان کی ہلاکت کی بھی اطلاع

آٹھمقام سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران خواتین اور بچوں سمیت شہریوں پر مبینہ طور پر شیلنگ کی گئی، جبکہ نیلم ویلی کے چک مقام میں بھی شدید شیلنگ کی اطلاعات ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق اٹھمقام بازار کھلا ہوا ہے تاہم پولیس کی جانب سے محلے اور کالج کی سمت شیلنگ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جہاں طلبہ کی موجودگی کا بھی بتایا جا رہا ہے۔

مظفرآباد سے موصول اطلاعات کے مطابق امبور ہسپتال سے سول سیکرٹریٹ تھانے کی پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لیا، جن میں محمد (3 سال)، حوا زاہد (5 سال)، سمیرا جہانگیر، مسرت زاہد، عیشال زاہد، مناہل زاہد، خدیجہ رفیق، عمارہ رفیق اور انیزہ رفیق شامل ہیں۔ ان گرفتاریوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرہ میں پی ایس او پمپ کے قریب فورسز کی فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں ایک نوجوان کے جاں بحق اور ایک کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کا تعلق پوٹھی راولاکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔

راولاکوٹ میں رائے چوک پر خواتین کی بڑی تعداد کے جمع ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق خواتین نے فورسز سے جاں بحق نوجوان کی میت حوالے کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ نوجوانوں کو اٹک پمپ سے آگے جانے سے روکے جانے اور فائرنگ کیے جانے کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔

علاوہ ازیں راولاکوٹ شہر میں مشین گن سے فائرنگ اور گولیوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم ان دعوؤں اور جانی نقصان کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں