بلوچستان میں مند کسٹمز اسٹیشن پر مسلح حملہ، اہلکار زخمی، نوشکی میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں مسلح افراد نے کسٹمز اسٹیشن پر حملہ کرکے دفتر کو آگ لگا دی جبکہ مختلف سمتوں سے فائرنگ بھی کی گئی۔ پاکستان کسٹمز کے مطابق حملے میں کسٹمز سپاہی محمد سراج دائیں بازو پر دو گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
قریبی ایف سی 165 ونگ نے فوری رسپانس کرتے ہوئے حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔ زخمی کسٹمز اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال تربت منتقل کیا گیا، جہاں سے مزید علاج کے لیے انہیں کراچی ریفر کردیا گیا۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق مند میں حالیہ انفورسمنٹ کارروائیوں کے بعد کسٹمز اہلکاروں کو دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں۔ کسٹمز حکام نے تربت جانے والے ایل پی جی باؤزرز کو ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی ادائیگی تک روک رکھا تھا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کلی جمال آباد کے مقام پر پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔