ہنگو میں خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید پاک فوج کے 6 اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی

ہنگو میں خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید پاک فوج کے 6 اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی

پشاور: ہنگو میں خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، کور کمانڈر پشاور، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں آج خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر، سپاہی شکیل احمد، سپاہی حمزہ، سپاہی محمد عثمان عزیز اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے ہیں، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دفاع وطن کے لیے شہداء کی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں