علیمہ خان کے 30 روزہ نظر بندی کے احکامات جاری، کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم
لاہور کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور محمد عامر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
حکم نامے کے مطابق لاہور پولیس اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی رپورٹس میں دونوں کی سرگرمیوں کو امنِ عامہ اور عوامی سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا، جبکہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی نظر بندی کی سفارش کی۔ دونوں کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
علیمہ خان کو آج لاہور میں حراست میں لیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے نظر بندی کے لیے امنِ عامہ سے متعلق رپورٹس کو بنیاد بنایا گیا ہے۔