Embed HTML not available.

اٹک: وزیر داخلہ محسن نقوی کا موٹروے ایم ون کے اہم مقامات کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اٹک: وزیر داخلہ محسن نقوی کا موٹروے ایم ون کے اہم مقامات کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے موٹروے ایم ون پر ہارون پل، کٹی پہاڑی اور ہرو پل کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات سمیت اہم داخلی و خارجی راستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، ڈی پی او اٹک، ڈپٹی کمشنر اٹک اور دیگر متعلقہ افسران بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کے دورے کے موقع پر رینجرز اور ایلیٹ فورس کے دستے بھی سکیورٹی کے لیے تعینات تھے۔ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا سے پنجاب آنے والے اہم داخلی و خارجی راستوں کا جائزہ لیا اور موجودہ سکیورٹی صورتحال سے متعلق متعلقہ حکام سے بریفنگ حاصل کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کا یہ دورہ 27 ستمبر کو متوقع احتجاج کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر و وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین اور پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام، اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے، وفاقی دارالحکومت میں صوبائی اسمبلی کے قیام سمیت شہری و دیہی علاقوں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے لیکن انتظامی ڈھانچہ بدستور پرانا ہے، موجودہ نظام کے تحت عوام کو مؤثر سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے مسائل کا بروقت حل مشکل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مزید صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی صوبائی حیثیت دینا ناگزیر ہوچکا ہے، اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کی بڑی آبادی متعدد بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دارالحکومت کی اپنی صوبائی اسمبلی ہونی چاہیے جہاں عوام کے منتخب نمائندے شہریوں کی آواز بنیں، مقامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کریں اور تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں۔
چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے اسلام آباد سمیت ملک میں مزید صوبوں کے قیام کے لیے پاکستان مسلم لیگ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کروڑوں افراد پر مشتمل صوبوں کا انتظام مؤثر انداز میں چلانا انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو معمولی سرکاری امور کے لیے بھی صوبائی دارالحکومتوں کا سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کا وقت اور پیسہ ضائع ہوتا ہے۔ صوبوں کی تعداد بڑھانے سے انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور تمام علاقوں کو یکساں توجہ ملے گی۔
ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے کی تجویز عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہے۔ صوبائی اسمبلی کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے گا جو شہری و دیہی علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر اجاگر اور حل کراسکیں گے۔
ملاقات کے دوران چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے وفاقی دارالحکومت میں سید محسن نقوی کی نگرانی میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کو صوبائی حیثیت ملنے سے تعمیر و ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں