عطاء اللہ تارڑ: بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست دائر ہوگی

عطاء اللہ تارڑ: بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست دائر ہوگی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی، تاہم تاریخ گواہ ہے کہ پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی صحت کو سیاسی موضوع بنایا۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہر قیدی کا حق ہے کہ اسے آئین اور قانون کے مطابق صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ بانی پی ٹی آئی کو پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی پہلے کی طرح علاج کی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، قیدی کو جیل مینوئل کے مطابق صحت کی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور اس میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی، بالخصوص نجی ہسپتال میں علاج سے متعلق معاملے پر نظرثانی کی درخواست دائر ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہونا چاہیے کہ کیا تمام قیدیوں کو نجی ہسپتال میں علاج کا یہی حق حاصل ہوگا؟ صحت کا معاملہ سیاست سے الگ رہنا چاہیے اور قانونی معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مخالفین جو تاثر قائم کرنا چاہتے ہیں، ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں