جیکب لائن میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الخوارج کا دہشتگرد گرفتار

جیکب لائن میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الخوارج کا دہشتگرد گرفتار

کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جیکب لائن، جمشید ٹاؤن سے فتنہ الخوارج سے مبینہ طور پر وابستہ دہشتگرد شہزاد عرف ڈنگر کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار دہشتگرد کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے ہے۔

رینجرز کے مطابق گروپ کا سربراہ دہشتگرد منصور ماضی میں منگھو پیر کی کنواری کالونی میں رہائش پذیر رہا، تاہم کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن کے دوران گرفتاری کے خوف سے وزیرستان روپوش ہوگیا تھا۔

ترجمان کے مطابق شہزاد 2025 میں منصور کی مبینہ ذہن سازی پر فتنہ الخوارج میں شامل ہوا اور اسے کراچی سے تنظیم کے لیے فنڈنگ جمع کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ ملزم نے منگھو پیر کے علاقے میں مختلف افراد سے رابطے کرکے انہیں ماہانہ بنیادوں پر فنڈنگ کے لیے راضی کیا اور بعد ازاں مختلف رقوم جمع کرکے ٹانک میں موجود منصور کے ساتھی دین محمد کے فراہم کردہ ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے وزیرستان بھجواتا رہا۔

تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ دین محمد اور دیگر ساتھیوں کے ذریعے بھجوائی جانے والی رقوم فتنہ الخوارج کے سربراہ منصور تک پہنچائی جاتی تھیں اور یہ رقم دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوتی تھی۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم مختلف اوقات میں وزیرستان جا کر دہشتگرد منصور سے خفیہ ملاقاتیں بھی کرتا رہا۔ جون 2026 میں پاک افغان بارڈر سے ملحقہ علاقے بیرمل میں منصور سے ہونے والی ایک ملاقات کے دوران اسے کراچی میں دہشتگردی اور بھتہ وصولی کے لیے اپنا نیٹ ورک مضبوط کرنے کی ہدایت دی گئی۔

ترجمان کے مطابق بعد ازاں منصور نے اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ذریعے شہزاد کو اسلحہ اور بارود بھی فراہم کیا۔ مذکورہ سامان کی وصولی کے بعد گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی کراچی میں حساس مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگرد کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور دہشتگردی کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں