خضدار: شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک
خضدار/اسلام آباد، 15 اگست 2026: خضدار کے علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد تین چھوٹی پارٹیوں کی صورت میں پہاڑی علاقے میں موجود تھے، جن کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کا شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 10 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا ہے اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک تعاقب جاری رکھنے اور دہشتگرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جو دہشتگردی کے خلاف فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیت کا مظہر ہے۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔