پاکستان میں یوم آزادی کی تقریبات، امریکی مشن کا سکیورٹی الرٹ جاری

اسلام آباد: پاکستان میں یوم آزادی کی تقریبات کے تناظر میں امریکی مشن نے اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 12 سے 15 اگست کے دوران اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی مشن کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات اور متعلقہ سرگرمیوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں ٹریفک کی روانی متاثر، سڑکوں پر رش اور پیدل افراد کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض مقامات پر غیر منظم طور پر آتش بازی جبکہ احتجاج یا مظاہروں کی سرگرمیاں بھی ہوسکتی ہیں۔

امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 15 اگست کی سہ پہر تک عوامی مقامات کا رخ کرتے ہوئے زیادہ محتاط رہیں اور بڑی عوامی اجتماعات سے گریز کریں۔

امریکی مشن نے اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ، لیک ویو پارک، لوک ورثہ اور ایف نائن پارک سے بھی 15 اگست کی سہ پہر تک اضافی احتیاط یا حتیٰ کہ گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سکیورٹی الرٹ کے مطابق جمعہ کی صبح سرکاری تقریبات کے باعث اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہوگی۔ ان میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو، فیصل ایونیو، جناح ایونیو، مری روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے شامل ہیں۔

امریکی مشن نے مزید خبردار کیا ہے کہ ایف سکس اور ایف سیون مارکیٹس جبکہ بلیو ایریا سمیت اسلام آباد کے دیگر عوامی مقامات پر غیر معمولی رش متوقع ہے۔

امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بڑے اجتماعات سے دور رہیں، اپنے ذاتی سکیورٹی پلانز کا جائزہ لیں، مقامی میڈیا سے تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، کم نمایاں رہیں، شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

امریکی مشن نے اپنے شہریوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ ملاقاتوں اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق تازہ اطلاعات کے لیے ای میل اور مقامی میڈیا پر نظر رکھیں۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال معمول پر آنے کا امکان 15 اگست کی سہ پہر تک ہے، جس کے بعد معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں