ریلوے پولیس کا سروس اسٹرکچر اپ گریڈ، کانسٹیبل سے اے ایس آئی تک پے اسکیلز میں اضافہ
اسلام آباد: پاکستان ریلویز پولیس کے سروس اسٹرکچر کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد فورس کے افسران اور جوانوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا۔
نئے اپ گریڈ شدہ سروس اسٹرکچر کے تحت کانسٹیبل، ڈرائیور کم کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کی آسامیوں کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مساوی پے اسکیلز میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
نئے سروس اسٹرکچر کے مطابق کانسٹیبل اور ڈرائیور کم کانسٹیبل کو اسکیل 7، ہیڈ کانسٹیبل کو اسکیل 9 جبکہ اے ایس آئی کو اسکیل 11 دیا گیا ہے۔
ریلوے پولیس حکام کے مطابق سروس اسٹرکچر میں یہ تبدیلی طویل عرصے سے فورس کا اہم مطالبہ تھی، جسے موجودہ آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطوں اور مؤثر کاوشوں کے ذریعے عملی شکل دلوائی۔
دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر ریلویز پولیس نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے فورس کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سروس اسٹرکچر کی اپ گریڈیشن سے ریلویز پولیس کے افسران اور جوانوں کا مورال مزید بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریلویز پولیس پہلے ہی ملک بھر میں ریلوے تنصیبات، مسافروں اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے بھرپور خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ اس اقدام کے بعد فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جذبۂ خدمت اور استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
آئی جی ریلویز پولیس نے اس اہم پیش رفت پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور معاونت اور دلچسپی کے باعث ریلویز پولیس کے اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا گیا ہے۔