گورنر ہاؤس پشاور میں بھی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا، تقریب میں ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی شرکت کی

پشاور میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریبات، بالاحصار پر شاندار آتش بازی

پشاور: صوبائی دارالحکومت میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، شہر کے مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ تاریخی قلعہ بالاحصار پر شاندار آتش بازی نے جشن آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیے۔

ملک سعد شہید پولیس لائن میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ وطن کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہری یومِ آزادی کی خوشیاں پرامن انداز میں منائیں، خیبرپختونخوا پولیس کے جوان شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر وقت ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ یومِ آزادی کے موقع پر صوبے کے تمام پولیس اسٹیشنز، عمارتوں اور پولیس گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں بھی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا، تقریب میں ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جبکہ پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔

ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے پاکستان کی حکومت اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 79ویں سالگرہ بھی بھرپور انداز میں منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک ثقافت، تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی اور بھائی چارہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں آزادی کے ساتھ سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں نے صوبے اور ملک کے امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد اور کھڑے ہیں۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے تنازع کے دوران پاکستان نے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جسے عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا، جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب ٹریفک ہیڈکوارٹرز گلبہار میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے قومی پرچم لہرایا، ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی اور ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر یومِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشن آزادی مناتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خاص خیال رکھیں، ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور ون ویلنگ سمیت بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے، اس لیے ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے پوری قوم کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔

پشاور کور ہیڈکوارٹرز میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، کور کمانڈر پشاور نے قومی پرچم لہرایا جبکہ افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔ قومی ترانہ بجایا گیا اور وطن کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب کا اختتام ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے ہوا۔

ادھر تاریخی قلعہ بالاحصار میں جشن آزادی کے موقع پر شاندار آتش بازی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور کی بڑی تعداد میں عوام، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ سبز ہلالی پرچموں سے سجے قلعہ بالاحصار میں شہریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، جبکہ شاندار آتش بازی نے آسمان کو رنگوں سے سجا دیا۔ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے قلعہ بالاحصار اور اطراف کی فضا گونجتی رہی۔

شہریوں نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سے والہانہ محبت اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں