### سینئر صحافی شاہد میتلا رہا، صحافتی برادری نے کوئٹہ پریس کلب میں استقبال کیا
سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی شکایت پر پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار شاہد میتلا کو 30 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہائی مل گئی، صحافتی تنظیموں کی قانونی جدوجہد اور یکجہتی بھی سامنے آئی۔
کوئٹہ: سینئر صحافی اور اینکر پرسن شاہد میتلا کو ضمانت منظور ہونے کے بعد کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کردیا گیا۔ رہائی کے بعد وہ کوئٹہ پریس کلب پہنچے جہاں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ، پی ایف یو جے کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید اور بنارس خان سمیت دیگر صحافتی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
شاہد میتلا کی رہائی پر صحافتی حلقوں میں خوشی کا اظہار کیا گیا اور ان کی رہائی کو صحافی برادری کی یکجہتی اور قانونی جدوجہد کی کامیابی قرار دیا گیا۔
شاہد میتلا کو سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی شکایت پر سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق مقدمے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے 17 نومبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
ابتدائی طور پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد شاہد میتلا کے وکیل راحب بلیدی ایڈووکیٹ نے سیشن کورٹ سے رجوع کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ سید غلام قادر شاہ بخاری نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا، جس پر جمعرات کی شام انہیں ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سے رہا کردیا گیا۔
شاہد میتلا کی رہائی پر صحافتی تنظیموں اور سینئر صحافیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کو صحافی برادری کے لیے اطمینان بخش پیش رفت قرار دیا ہے۔
الحمدللہ، شاہد میتلا کی رہائی پر صحافتی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔