افغانستان سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد پشاور پولیس کے ہاتھوں گرفتار، پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات cc

افغانستان سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد پشاور پولیس کے ہاتھوں گرفتار، پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات

پشاور: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا احسن عباس اور علاقائی ترقیاتی کونسل کے مشیر محمود جان بابر نے پشاور پولیس لائن میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کی گرفتاری اور اس سے ہونے والی ابتدائی تفتیش کی تفصیلات جاری کر دیں۔

ایڈیشنل آئی جی احسن عباس نے بتایا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اس جنگ میں پختون قوم نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور وہاں پاکستان کے خلاف جہاد کی ترغیب دی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کو تیراہ سے پشاور آتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ ماضی میں افغان نیشنل آرمی میں بھی کام کر چکا ہے۔

احسن عباس کے مطابق گرفتار ملزم نے تین ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کر رکھی ہے اور وہ مدارس میں بھی زیر تعلیم رہا ہے۔ ملزم کالعدم دہشت گرد کمانڈر گل بہادر سمیت دیگر دہشت گردوں کے ساتھ بھی رہ چکا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران اس سے متعدد اہم انکشافات ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان میں اس کی معاونت کرنے والے افراد سے متعلق معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ گرفتار خارجی نے ایک سیکیورٹی پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تھی۔ اس کے ساتھ ایک خودکش حملہ آور بھی موجود تھا جس کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام دہشت گرد گروپوں میں کوئی فرق نہیں، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں تمام گروپوں کو ایک ہی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ان اضلاع کو الگ سے فوکس کیا گیا ہے۔ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ڈرونز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے، جس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر علاقائی ترقیاتی کونسل کے مشیر محمود جان بابر نے کہا کہ آج بھی سیکیورٹی اداروں کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک افغان دہشت گرد گرفتار کیا گیا ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ ایسے عناصر رات کی تاریکی میں سرحد پار کرکے پاکستان میں کارروائیوں کی کوشش کرتے ہیں۔

محمود جان بابر نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، تاہم اب پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو چکی ہے۔ جو بھی پاکستان میں دہشت گردی کی نیت سے آئے گا، اس کے لیے کارروائیاں کرنا آسان نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں