پاکستانی ٹی وی چینلز کے سیٹلائٹ سگنلز پر ایک بار پھر مبینہ سائبر حملے، جیو، خیبر، سنو ٹی وی اور پی ٹی وی سمیت متعدد چینلز متاثر

پاکستانی ٹی وی چینلز کے سیٹلائٹ سگنلز پر ایک بار پھر مبینہ سائبر حملے، جیو، خیبر، سنو ٹی وی اور پی ٹی وی سمیت متعدد چینلز متاثر

پاکستانی ٹی وی چینلز کی سیٹلائٹ نشریات میں ایک بار پھر نامعلوم سگنلز کی مداخلت اور مبینہ ہیکنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد مختلف ٹی وی نیٹ ورکس کی تکنیکی ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا سے وابستہ تکنیکی ذرائع کے مطابق جیو نیوز کے سیٹلائٹ کیریئر کو ایک نامعلوم کیریئر کی جانب سے مبینہ طور پر نشانہ بنایا گیا، جبکہ خیبر ٹی وی نیٹ ورک کے سگنلز میں بھی مداخلت کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ سنو ٹی وی اور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی نشریات بھی آج مبینہ طور پر متاثر ہوئیں۔

میڈیا ٹیکنیکل حلقوں میں شیئر کی گئی اطلاعات کے مطابق ڈنیا ٹی وی کے سگنلز پر بھی ممکنہ اثرات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پاک سیٹ (PAKSAT) کے ٹرانسپونڈرز پر نامعلوم سگنلز متعارف کرانے کی کوششوں کی اطلاعات کے بعد تمام تکنیکی ٹیموں کو غیر معمولی طور پر محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔

تکنیکی ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی کے طے شدہ معیاری طریقہ کار (SOPs) پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سیٹلائٹ کیریئرز کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق مداخلت کرنے والے سگنلز کے مقام کا تعین کرنا بھی ایک چیلنج ہے، تاہم سیٹلائٹ آپریٹر کی جانب سے مؤقف سامنے آیا ہے کہ اگر مداخلت اسی سیٹلائٹ کے ذریعے کی جائے جسے متعلقہ نیٹ ورک استعمال کر رہا ہے تو اس کے مقام کی نشاندہی ممکن ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ اطلاعات میڈیا کے تکنیکی حلقوں میں زیرِ گردش پیغامات پر مبنی ہیں، تاحال حملوں کی نوعیت، ذمہ دار عناصر اور متاثرہ نشریات کی مکمل تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں