راولپنڈی: نجی ٹی وی کی پروگرام ہوسٹ ربیعہ احسن گھر میں قتل، شوہر احسن گرفتار، بیڈ روم سے لاش برآمد، گردن کے نیچے گولی لگی
راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹر 2 میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں نجی ٹی وی کی پروگرام ہوسٹ اور اینکر پرسن ربیعہ احسن جاں بحق ہوگئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولہ کو گولی لگنے سے موت واقع ہوئی، جبکہ واقعے کے شبہے میں ان کے شوہر احسن کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کی عمر تقریباً 40 سال تھی اور وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، جبکہ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ فائرنگ مقتولہ کے شوہر کی جانب سے کی گئی، جس کے بعد پولیس نے انہیں تحویل میں لے لیا۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا واقعہ پولیس کو رپورٹ ہوا ہے۔ مقتولہ کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی، انہیں سامنے کی جانب گردن کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔
سی پی او کے مطابق پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
حسن مشتاق سکھیرا نے تصدیق کی کہ پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور واقعے کی باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
پولیس نے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ قتل کے محرکات اور وقوعے کی اصل صورتحال تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔